سٹی42: ملک کے مختلف حصوں میں شدید سردی اور دھند نے ڈیرے ڈال لیے، جس کے باعث روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت بڑے شہروں میں درجہ حرارت نمایاں طور پر کم ہو گیا ہے جبکہ دھند اور فضائی آلودگی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں بھی بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں دھند برقرار رہنے کا امکان ہے۔
باغوں کا شہر لاہور شدید دھند کی لپیٹ میں ہے جس کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی اور مختلف علاقوں میں سفیدی چھا گئی ہے۔ دھند اور یخ بستہ ہواؤں کے باعث شہریوں کے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 91 فیصد ہے۔ شہر میں دو کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور آج بارش کا کوئی امکان نہیں۔
ماہرین کے مطابق دن کے وقت سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے تاہم دھند برقرار رہنے کا امکان ہے۔ فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور چھٹے نمبر پر ہے جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 186 ریکارڈ کیا گیا ہے جو صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔
شہرِ قائد میں بھی سردی کی شدید لہر جاری ہے۔ رات کے وقت درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ صبح کے اوقات میں 12 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز تک موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ کراچی کا فضائی معیار بدستور خراب ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پانچویں جبکہ پاکستان کے آلودہ شہروں میں آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔ شہر کی فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار 195 ریکارڈ کی گئی ہے جو انسانی صحت کے لیے مضر سمجھی جاتی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم شدید سرد اور خشک ہو گیا ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن کے اوقات میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں دن بھر تقریباً 6 میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلتی رہیں گی جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے بیشتر اضلاع میں سرد اور خشک موسم متوقع ہے، تاہم مری اور گلیات میں شدید سردی رہے گی۔ سیالکوٹ، نارووال، راولپنڈی، اٹک، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان اور دیگر اضلاع میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ خطہ پوٹھوہار میں صبح کے وقت کہرا پڑ سکتا ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، بنوں، کرک، لکی مروت اور ڈی آئی خان میں صبح اور رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دھند کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ڈیرہ بگٹی، کوہلو، ڈیرہ مراد جمالی، سبی اور گردونواح میں صبح کے اوقات میں دھند چھانے کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم شدید سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل شدید سردی کے باعث سرکاری و نیم سرکاری تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ تعلیمی ادارے 12 جنوری کے بجائے اب 19جنوری 2026 کو کھلیں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سکول، کالجز اور دیگر تعلیمی اداروں پر فیصلہ لاگو ہوگا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے آیا 19 جنوری کے بعد چھٹیوں میں مزید توسیع تو نہیں ہو گی۔