(اویس کیانی) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےکراچی میں پاکستان کوسٹ گارڈز کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا.انہوں نے پاکستان کوسٹ گارڈز کے شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز کے شہداء نے کوسٹل ایریاز کی حفاظت کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاکستان کوسٹ گارڈز کے ہیڈ کوارٹر کے دوران یادگار شہداء پر حاضری دی ،پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی ۔ پاکستان کوسٹ گارڈز کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل جواد ریاض نے وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا ۔وزیر داخلہ نے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کی ۔وزیرداخلہ کوپاکستان کوسٹ گارڈز کی پیشہ وارانہ تربیت اور آپریشنل تیاریوں بارے بریفنگ دی گئی۔وزیرداخلہ نے پاکستان کوسٹ گارڈز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک برس کے دوران 14000کلو منشیات ضبط کی گئی۔ ضبط کی گئی منشیات کی مالیت 8 ارب روپے سے زائد تھی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے کراچی سے عراق تک فیری چلانے کی فزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فیری چلنے سے زائرین کو عراق جانے میں بہت سہولت ملے گی۔ وزیرداخلہ محسن نقوی کی انسداد منشیات و انسداد سمگلنگ کے لئے بھرپور کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاسمگلنگ مافیا کی سرکوبی کے لیے تمام تر توانائیاں صرف کی جائیں۔ پاکستان کوسٹ گارڈز زمین اور سمندر میں بیک وقت اپنے فرائض سرانجام دینے والی فورس ہے۔ کوسٹ گارڈز کا نہ صرف زمانہ امن بلکہ کسی بھی مشکل اورجنگی صورتحال میں ایک اہم کردار ہے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کیلئے ہر ممکن مدد اور درکار وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کو پسنی سیف سٹی پراجیکٹ کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی ۔اجلاس میں پاکستان کوسٹ گارڈز کے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی