ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بلوچستان کے طلباء کیلئے بڑی خوشخبری، پنجاب حکومت کی جانب سے 460 اسکالرشپس کا اعلان

بلوچستان کے طلباء کیلئے بڑی خوشخبری، پنجاب حکومت کی جانب سے 460 اسکالرشپس کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عیسی ترین:حکومت بلوچستان کے اعلامیے کے مطابق حکومت پنجاب نے بلوچستان کے ذہین طلباء و طالبات کیلئے 460 اسکالرشپس فراہم کر دی ہیں۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یہ اسکالرشپس پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے تحت دی جا رہی ہیں، جن کے حصول کیلئے باقاعدہ درخواستیں بھی طلب کر لی گئی ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور بلوچستان کے درمیان تعلیمی تعاون سے صوبے کے ذہین طلباء کیلئے معیاری تعلیم کے دروازے کھل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اسکالرشپ پروگرام بلوچستان کے طلباء کیلئے اعلیٰ تعلیم کے وسیع مواقع فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے نہ صرف تعلیمی معیار بہتر ہوگا بلکہ مستحق اور باصلاحیت طلباء کو برابری کی بنیاد پر مواقع بھی میسر آئیں گے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ماضی میں ملک کے بڑے تعلیمی اداروں تک صرف اشرافیہ کے بچوں کی رسائی تھی، تاہم اب حکومت کی پالیسیوں کے باعث عام اور کم وسائل رکھنے والے خاندانوں کے بچے بھی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلہ حاصل کر رہے ہیں۔

انہوں نے ایک مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایک ویگن ڈرائیور کے بیٹے کا ملک کے بڑے تعلیمی ادارے میں داخلہ اس مثبت تبدیلی کا واضح ثبوت ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے بلوچستان کے طلباء کا مستقبل روشن ہوگا اور صوبہ ترقی کی راہ پر مزید گامزن ہوگا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ معیاری تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور حکومت اس مقصد کے حصول کیلئے اقدامات جاری رکھے گی۔