ملک اشرف : پتنگ بازوں کی گرفتاری کے بعد ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کا معاملہ، لاہور ہائیکورٹ نے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کو کل عدالت طلب کرلیا ، جسٹس علی ضیاء باجوہ نے ریمارکس دئیے کہ لوگوں کی ٹنڈیں کر رہے ہیں، سوشل میڈیا پر ڈال رہے ہیں، کس قانون نے پولیس کو اختیار دیا؟۔
جسٹس علی ضیاء باجوہ نے شہری وشال احمد شاکر کی درخواست پر سماعت کی، درخواستگزار کی جانب سے تھانے میں پتنگ بازی کے ملزم کی ویڈیو وائرل کرنیوالوں کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا کی گئی ، جسٹس علی ضیاء باجوہ نے دوران سماعت ریمارکس دئیے کہ کیسے کسی بندے کو پکڑ کر اسکی ٹنڈ کرتے ہیں، سوشل میڈیا پر ڈال دیتے ہیں،بیچ میں انڈین فلموں کے کلپ ڈالتے ہیں، کالا چور ہے، اسے پکڑیں ، پھانسی دلوائیں ، جو قانونی کارروائی بنتی ہے، کریں ، جسٹس علی ضیاء باجوہ نے مزید ریمارکس دئیے کہ کسی کی سوشل میڈیا پر فوٹیج وائرل کرنے کی کسی قانون میں اجازت نہیں ، انڈین مووی کا کلپ مکس کر پولیس کے آفیشل فیس بک پر اپلوڈ کیا گیا،آئی جی پنجاب رپورٹ پیش کریں، اور ڈی آئی جی آپریشنز کل پیش ہوں، عدالت نے سماعت 15 اپریل تک ملتوی کردی ۔