(زین مدنی حسینی) لالی وڈ انڈسٹری کی نامور اداکارہ انجمن کی دوسری شادی دس ماہ بھی نہ چل سکی، شوہر میاں وسیم المعروف لکی علی نے طلاق دے دی۔
ماضی کی نامور اداکارہ انجمن نے دس ماہ قبل فلمساز میاں وسیم المعروف لکی علی سے شادی کی تھی لیکن چند ماہ بعد ہی دونوں میں اختلافات شروع ہوگئے، مشترکہ دوستوں نے صلح کروا ئی لیکن اب دس ماہ بعد میاں وسیم لکی علی نے باقاعدہ خود علیحدگی کی تصدیق کی ہے۔
ماضی کی نامور اداکارہ انجمن بیگم جنہوں نے اپنے شوہر مبین ملک کے قتل کے بعد پچھلے سال جولائی میں وسیم المعروف لکی علی کے ساتھ دوسری شادی کی تھی۔ وسیم کے مطابق انہوں نے انجمن کو پہلی طلاق دے دی ہے۔
میاں وسیم نے ویڈیو پیغام بھی جاری کیا کہ انہوں نے انجمن کو طلاق دے دی ہے ۔اس سلسلے میں انجمن سے رابطہ کیا گیا تو ماضی کی نامور اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہم دونوں ساتھ نہیں چل سکتے تھے ، اس لئے راستے جدا کر لئے ۔
یاد رہے اس سے قبل پنجابی فلموں کی معروف ترین اداکارہ انجمن شاہین جولائی 2019 میں سابق فلم پروڈیوسر کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔
64 سالہ اداکارہ انجمن شاہین سابق پروڈیوسر اور بزنس مین وسیم لکی علی کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھی جبکہ شادی دھوم دھام سے کرنے کے بجائے دلہا و دلہن کے قریبی دوستوں اور عزیزوں کی موجود میں سادگی سے ہوئی تھی اور شوہر نے ایک گھر اور گاڑی تحفے میں دی تھی۔
ماضی کی لیجنڈری اداکارہ نے 20 سالہ فلمی کیریئر میں 300 سے زائد اردو اور پنجابی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ انجمن نے 80 اور 90 کی دہائی میں فلم نگری میں راج کیا اور ان کی اداکار سلطان راہی کے ساتھ جوڑی سب سے کامیاب جوڑی تصور کی جاتی تھی۔
اداکارہ کی پہلی شادی انکم ٹیکس کمشنر مبین ملک سے ہوئی تھی جس کے بعد وہ برطانیہ چلی گئیں تھی جب کہ ان کے 2 بیٹے اور ایک صاحبزادی ہیں۔