ویب ڈیسک: ٹک ٹاکر سامعہ حجاب نے خود کو ہراساں کرنے، مبینہ اغوا کرنے اور تشدد کا نشانہ بنانے والے سابق منگیتر حسن زاہد کو خدا کے واسطے معاف کرتے ہوئے ان پر درج کرائے گئے تمام مقدمات واپس لینے کا اعلان کردیا۔
ٹک ٹاکر سامعہ حجاب نے متعدد میڈیا آؤٹ لیٹس سے بات کرتے ہوئے سابق منگیتر سے صلح ہونے اور انہیں معاف کرنے کی تصدیق کی۔
ٹک ٹاکر کا کہنا تھا کہ حسن زاہد کے اہل خانہ ان کے پاس معافی مانگنے آئے تھے، جس پر انہوں نے سابق منگیتر کو معاف کیا۔
ان کے مطابق حسن زاہد نے بھی تحریری طور پر ان کے خلاف کسی طرح کی کوئی کارروائی نہ کرنے کی ضمانت دی ہے، جس کے بعد انہوں نے انہیں معاف کرنے کا فیصلہ کیا۔
ٹک ٹاکر نے اس بات کو مسترد کیا کہ انہوں نے پیسوں کی خاطر حسن زاہد کو معاف کیا۔
سامعہ حجاب کا کہنا تھا کہ انہوں نے فی سبیل اللہ حسن زاہد کو معاف کیا، اب ان کی منگنی بھی نہیں رہی، انہیں سابق منگیتر سے کوئی خطرہ نہیں، وہ خود کو محفوظ سمجھتی ہیں۔
اس سے قبل سامعہ حجاب نے اپنی متعدد ویڈیوز اور انٹرویوز میں خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اگر ملزم کو سزا نہ ہوئی تو وہ جیل سے رہا ہونے کے بعد ان سے بدلہ ضرور لیں گے۔
ٹک ٹاکر نے حسن زاہد پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے ان پر جسمانی تشدد کے الزامات بھی لگائے تھے لیکن اب انہوں نے انہیں معاف کردیا۔