انیسویں ایشین گیمز کا میدان 23 ستمبر سے چین میں سجے گا

Nineteenth Asian Games, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: انیسویں ایشین گیمز کا میدان 23 ستمبر سے 8 اکتوبر تک چین کے شہر ہانگوزو میں سجے گا، جس میں پاکستان سمیت ایشیائی ممالک کے ایتھلیٹ اپنا زور بازو دکھائیں گے ، قومی دستے کی قیادت فلیگ بیئرر سپرسٹار ارشد ندیم اور ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق  چین کے شہر ہانگوزو میں 23 ستمبر سے ایشیائی گیمز کا آغاز ہو گا جس میں پینتالیس ایشیائی ممالک کے ایتھلیٹ چالیس گیمز کی 481 مختلف کیٹگریز میں شرکت کریں گے ۔

 پاکستانی کھلاڑیوں کا 262رکنی دستہ ملک کی نمائندگی کرے گا، جس میں 53 خواتین سمیت 190 ایتھلیٹ میڈلز کے حصول کے لئے کوشش کریں گے ، قومی کھلاڑی ہاکی، کرکٹ، کبڈی، تیراکی اور جیولین تھرو سمیت چوبیس گیمز میں زور بازو دکھائیں گے، کھیلوں کی دنیا کے چمکتے دمکتے ستارے ارشد ندیم نیزہ پھینکنے کا شاندار مظاہرہ کریں گے، پوری قوم نے ابھرتے ہوئے ایتھلیٹ سے سونے کے تمغے کی امیدیں لگا لیں ، ورلڈ ایتھلیٹکس میں سلور میڈل جیتنے والے قومی ہیرو ، دستوں کی مارچ پریڈ میں سبز ہلالی پرچم اٹھائیں گے ، اس اعزاز میں ویمن ٹیم کی کپتان ندا ڈار ان کا ساتھ دیں گی ۔

قومی کھیل ہاکی اکیس ستمبر کو میزبان ملک اڑان بھرے گی،چوبیس تاریخ کو مہم شروع کرے گی جبکہ روایتی حریف بھارت سے مقابلہ تیس ستمبر کو شیڈول ہے ۔

ایشین گیمز کا آغاز 1951 میں نئی دہلی سے ہوا جس میں پاکستان نے شرکت نہ کی ، قومی ایتھلیٹس اس کے بعد تک مجموعی طور پر چوالیس گولڈ سمیت دو سو چار تمغے جیت چکے ہیں ، اچھی تیاری اور بڑے جذبے کے ساتھ ایشین گیمز میں شرکت کرنے والے ایک بار پھر چین میں پاکستان کا نام روشن کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔