حافظ شہباز علی: نئے ڈومیسٹک کرکٹ سٹرکچر کے تحت قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس کرکٹ کل سے شروع ہورہی ہے، پہلے مرحلے میں چھ ٹیموں کے درمیان تین میچز شروع ہوں گے، کرکٹرشان مسعود اور بابر اعظم نے نئے ڈومیسٹک کرکٹ سٹرکچر کو بہترین قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی خواہش کے مطابق بننے والے نئے ڈومیسٹک سٹرکچر میں چھ صوبائی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے میں قذافی سٹیڈیم میں سینٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب، ایبٹ آباد سٹیڈیم میں ناردرن اور خیبر پختونخواہ جبکہ نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں بلوچستان اور سندھ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
قائد اعظم ٹرافی کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود اور سینٹرل پنجاب کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ نئے فرسٹ کلاس سٹرکچر میں تمام کھلاڑیوں کے پاس خود کو منوانے کے برابر مواقع ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فرسٹ کلاس کرکٹ نوٹاس کا قانون متعارف کرایا جارہا ہے جس کے تحت مہمان ٹیم پہلے بیٹنگ اور باولنگ کرنے کا فیصلہ کرے گی، نو ٹاس کا قانون فرسٹ الیون میچوں پر لاگو نہیں ہوگا۔
دونوں کرکٹرز بابر اعظم اور شان مسعود نے قائد اعظم ٹرافی کی رونمائی بھی کی۔