مختلف شہروں میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، وجہ بھی سامنے آگئی

Electricity Breakdown
کیپشن: Electricity Breakdown
سورس: startup Pakistan
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) نیشنل گرڈ میں خرابی کے باعث شہر قائد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیشنل گرڈ میں خرابی کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی سپلائی بند ہوگئی ہے جبکہ سندھ میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے،  کینپ نیوکلیئر پلانٹ کی بجلی بھی سسٹم سے نکل گئی ہے اور ملتان سے زیریں پنجاب میں بھی بجلی سسٹم سے نکل چکی ہے، نیشنل گرڈ میں خلل سے 6 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکلی ہے جس کی بحالی کے لیے آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب نیشنل گرڈ میں خرابی سے کراچی کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہوگیا ہے جہاں لیاقت آباد سی ون ایریا، فیڈرل بی ایریا بلاک 13، 12، 11، ناظم آباد بلاک چار اور تین، کھارادر، لیاری، اولڈ سٹی ایریا، ملیر ہالٹ اور رفاع عام میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔راشد منہاس روڈ، گلشن جمال، ڈالمیا روڈ، گلستان جوہر، گلشن اقبال، ڈیفنس ہاؤسنگ  اور  پی ای سی ایچ سوسائٹی میں بھی بجلی کی فراہمی بند ہوگئی ہے۔

علاوہ ازیں بہاولنگر میں بھی بریک ڈاؤن کی وجہ سے ضلع بھر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے جبکہ ملتان شہر کے بیشتر علاقوں میں بھی بجلی بند ہے۔

وزارت توانائی کےمطابق ملک کے جنوبی ٹرانسمیشن سسٹم میں حادثاتی خرابی ہوئی ہے جس سے متعدد جنوبی پاور پلانٹس مرحلہ وار ٹرپ ہو رہے ہیں، پاورپلانٹس ٹرپ ہونے سے ملک کے جنوبی حصے میں بجلی کی ترسیل میں رکاوٹ آرہی ہے۔

وزارت توانائی نے کہا کہ اپنی پوری تندہی سے خرابی کی وجہ کی تفتیش کررہی ہے اور جلد از جلد بجلی کے نظام کو مکمل بحال کر لیا جائے گا۔