موج دریا روڈ (رضوان نقوی) ایف بی آر کا نئے پراپرٹی ریٹس کیلئے خفیہ سروے مکمل، شہر کے مختلف مقامات پر پراپرٹی کی ویلیو میں 60فیصد تک اضافے کا انکشاف، اعظم کلاتھ مارکیٹ اور سوہا بازار میں مرلہ کا ریٹ ایک کروڑ سے بھی زائد، ایف بی آر پراپرٹی ریٹس کا تعین کرنے کے بعد نئی شرح سے ٹیکس جاری کرے گا۔
ریجنل ٹیکس آفس کی ٹیموں نے مختلف علاقوں سے کمرشل، سیمی کمرشل، انڈسٹریل اور رہائشی پراپرٹی کی مارکیٹ ویلیو کا خفیہ سروے کرکے رپورٹ ایف بی آر کو بھجوادی، ماڈل ٹاؤن، ڈی ایچ اے، گلبرگ، رائیونڈ روڈ، علامہ اقبال ٹاؤن کی پراپرٹی کی ویلیو کو نئے سرے سے مرتب کیا گیا۔ شاہ عالم مارکیٹ، سوہا بازار، اکبری منڈی، اعظم کلاتھ مارکیٹ، شیرانوالہ گیٹ، مستی گیٹ، رنگ محل، انارکلی، مال روڈ، ہال روڈ کی پراپرٹی کا بھی خفیہ سروے کر لیا گیا۔
حالیہ سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران لاہور کے مختلف علاقوں کے پراپرٹی ریٹس میں تقریباً 50سے 60فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔ ایف بی آر کے پرانے ریٹس کے مطابق اعظم کلاتھ مارکیٹ میں فی مرلہ کا ریٹ 57لاکھ روپے اور سوہا بازار میں 64لاکھ روپے تھا جبکہ حالیہ سروے رپورٹ کے مطابق ان دونوں مقامات پر فی مرلہ کا ریٹ ایک کروڑ سے بھی زائد ہے، چیف کمشنر آرٹی او ناصر اقبال کی ہدایت پر مختلف ذرائع سے ڈیٹا اکٹھا کرکے پراپرٹی کی مارکیٹ ویلیو کا تعین کیا گیا۔
خفیہ سروے سے محصولات میں اضافے کے ساتھ ایف بی آر کو پراپرٹی کی اصل قیمت چھپانے والوں کے اثاثہ جات کی کُل مالیت کا تخمینہ لگانے میں آسانی ہوگی۔ ایف بی آر ملک بھر کے ٹیکس دفاتر سے پراپرٹی ریٹس موصول ہونے کے بعد نئے پراپرٹی ریٹس جاری کرے گا۔