علی رامے:عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے حکومت نے صوبے کے مختلف شہروں میں مفت سفری سہولت شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت ایک ہزار بسیں چلانے کیلئے بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔
منصوبے کے تحت شہریوں کو ایک ماہ تک مفت سفری سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ بڑھتے ٹرانسپورٹ اخراجات کے باعث عوام کو ریلیف دیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق بسیں کرایہ پر حاصل کرنے کیلئے ایک ارب 80 کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹ بھی منظور کر لی گئی ہے۔ اس منصوبے کے تحت محکمہ خزانہ 7 روزہ ایڈوانس بنیادوں پر فنڈز جاری کرے گا جبکہ نجی ٹرانسپورٹرز کو ہفتہ وار ادائیگیاں کی جائیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب ٹرانسپورٹ اتھارٹی منصوبے کی نگرانی کرے گی اور بعد ازاں تمام ادائیگیوں اور ریکارڈ کا مکمل حساب تیار کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کو براہ راست بسیں ہائر کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے .
ذرائع کے مطابق اگر یہ ماڈل کامیاب رہا تو مفت سفری سہولت کے دورانیے میں مزید توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔
حکومت کو امید ہے کہ اس اقدام سے شہریوں کو سفری اخراجات میں خاطر خواہ ریلیف ملے گا جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال میں بھی اضافہ ہوگا۔