ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نےفصل چوری کے مقدمے کی بندش کیخلاف دائر شہری کی درخواست مسترد کرتے ہوئے مجسٹریٹ کی جانب سے پولیس کی منسوخی رپورٹ منظور کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔
جسٹس صداقت علی خان نےکیس کا4 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ پولیس تفتیش کے دوران فصل چوری کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق موقع سے درانتی یا کسی بھی اوزار کے ذریعے فصل کاٹنے کے شواہد نہیں ملے،جبکہ تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ فصل کو جانوروں نےتباہ کیا تھا۔
عدالت نےشہری خورشید احمد کی جانب سے دائر رٹ پٹیشن کو میرٹ پرنہ ہونےکی بنیاد پر خارج کر دیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ پولیس کی تفتیش اور شواہد کی روشنی میں مقدمے کو خارج کرنے کا اقدام قانون کے مطابق تھا۔ لاہور ہائیکورٹ نے اے ایس آئی اور ایس ایچ او کے خلاف کارروائی کی درخواست بھی مسترد کر دی۔