ویب ڈیسک: پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
بی سی سی آئی کے مطابق آئی پی ایل کے باقی تمام میچز 17 مئی سے 3 جون تک چھ مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے۔گزشتہ ہفتے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باعث آئی پی ایل کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیا گیا تھا۔ 9 مئی کو پاکستان کی جانب سے بھارتی حملوں کا مؤثر جواب دیے جانے کے بعد صورتحال مزید بگڑ گئی تھی، جس کے پیش نظر ایونٹ روک دیا گیا تھا۔
آئی پی ایل کی معطلی سے ایک دن قبل دھرم شالہ میں جاری میچ کو اچانک روک دیا گیا تھا، اسٹیڈیم کی لائٹس بند کر دی گئی تھیں جبکہ غیر ملکی کھلاڑیوں نے وطن واپسی کے لیے پروازوں کی تلاش شروع کر دی تھی تاہم ہفتے کو پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے لیگ کی بحالی کا اعلان کر دیا۔
بی سی سی آئی کے مطابق 17 مئی کو رائل چیلنجرز بنگلور اور دفاعی چیمپئن کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے درمیان میچ کھیلا جائے گا جس کے ساتھ آئی پی ایل کا دوبارہ آغاز ہوگا۔