(سٹی 42) مشکلات میں گھرے نواز شریف پر ایک اور مصیبت آن پڑی، نیب لاہور نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو 20 مئی کو طلب کرلیا۔
سٹی 42 ذرائع کے مطابق نیب نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو رائیونڈ میں جاتی امراء جانے والی سڑک کے کیس میں 20 مئی کو طلب کرلیا۔ نیب کا کہنا ہے کہ شریف برادران نےسکول اور ڈسپنسری کا بجٹ استعمال کر کے اپنی رہائش گاہ کے لیے سڑک تعمیر کرائی جب کہ چیئرمین نیب نے معاملے کی براہ راست تحقیقات کا حکم دیا تھا، نواز شریف پر بھائی کے ساتھ مل کر ذاتی فائدے کے لئے سڑک بنانے کا الزام ہے اور ان کے حکم پر سڑک کی چوڑائی 20 فٹ سے 24 فٹ کی گئی جس سے لاگت میں اضافہ ہوا اور اس اقدام سے ضلع کونسل کے بہت سے عوامی منصوبے بند کرنے پڑے۔
نیب کا مزید کہنا تھا کہ رائیونڈ روڈ کی تعمیر میں ہونے والی کرپشن میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کو نامزد کیا گیا ۔سڑک کی تعمیر میں 12 کروڑ 56 لاکھ روپے سے زائد رقم کی کرپشن کی گئی جب کہ 2016 تک کرپشن انکوائری التوا کا شکار رہی تاہم 2016 کے بعد دوبارہ انکوائری پر کام شروع کیا گیا۔ ڈی جی نیب لاہور نےرائیونڈ روڈ کیس کی تحقیقات کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دے رکھی ہے جس میں دو ڈپٹی ڈائریکٹرز اور ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر شامل ہیں۔
یہ خبر پڑھیں۔۔لاہور میں آج بھی مطلع ابر آلود ، بوندا باندی کا امکان
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی نیب لاہور کی جانب سے نواز شریف کو طلب کیا گیا تھا لیکن نواز شریف لندن میں موجودگی کے باعث پیش نہیں ہوئے تھے۔