ویب ڈیسک : بنگلادیش کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں سلمان علی آغا کو میزبان ٹیم کے اسپنر مہدی حسن نے رن آؤٹ کیا لیکن کرکٹ کے حلقوں میں اس کو اسپورٹس مین اسپرٹ کے خلاف قرار دیا جارہا ہے۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب بنگلہ دیش کے کپتان مہدی حسن مرزا کی گیند پر پاکستانی کپتان محمد رضوان نے سیدھا شاٹ کھیلا۔ گیند بولر کے پاؤں سے ٹکرا کر قریب ہی گرگئی۔ اس دوران سلمان علی آغا کریز سے باہر نکل آئے اور انہوں نے گیند اٹھا کر بولر کو واپس دینے کی کوشش کی۔
تاہم اسی لمحے مہدی حسن مرزا تیزی سے آگے بڑھے، سلمان علی آغا سے پہلے گیند اٹھائی اور فوری طور پر وکٹوں پر دے ماری۔ امپائر نے اس اپیل پر سلمان علی آغا کو رن آؤٹ قرار دے دیا، جس کے بعد پاکستانی بیٹر واضح طور پر برہم دکھائی دیے۔
پویلین کی جانب جاتے ہوئے سلمان علی آغا نے اپنے غصے کا اظہار کیا، جس پر بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر لٹن داس بھی کچھ ناراض نظر آئے۔ بعد ازاں محمد رضوان، امپائر اور دیگر کھلاڑیوں نے سلمان علی آغا کو سمجھا بجھا کر صورتحال کو ٹھنڈا کیا۔
متنازع آؤٹ کی وائرل ویڈیو پر شائقین کرکٹ نے شدید تنقید کرتے ہوئے اسے اسپورٹس مین شپ کے منافی قرار دیا اور کہا کہ بنگلادیشی کھلاڑی بھی بھارتی کھلاڑیوں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔
Crucial moment! Mehidy Hasan Miraz removes Salman Agha with a brilliant run-out. ⚡#BCB #Cricket #Bangladesh #Pakistan #ODI pic.twitter.com/N0inKkZVwz
— Bangladesh Cricket (@BCBtigers) March 13, 2026
ماضی میں کرکٹ میں کئی واقعات ایسے ہیں جب ٹیموں کے پاس حریف بیٹرز کو آؤٹ کرنے کا پورا موقع اور جواز تھا مگر اُنہوں نے کھیل کی اسپرٹ کو مقدم رکھا۔
1987 کے ورلڈ کپ ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کو آخر ی اوور میں جیت کیلئے 14رنز درکار تھے، سلیم جعفر رن کے لئے کریز سے باہر جاچکے تھے، مگر کورٹنی والش نے اُنہیں رن آؤٹ نہیں کیا اور وارننگ دے کر واپس رن اپ پر چلے گئے۔
آخری گیند پر پاکستان نے وننگ رن حاصل کرلئے، ویسٹ انڈین بولر کورٹنی والش اور اُن کی ٹیم نے شکست گوارا کرلی مگر کھیل کی اخلاقیات پر آنچ نہیں آنے دی۔
اسی طرح کے ایک اور واقعے میں آئرش بیٹر اینڈی میک برائن رن بنانے کی کوشش میں بیچ پچ پر گرگئے لیکن کیپر آصف شیخ نے میک برائن کو آؤٹ نہیں کیا۔
بھارت اور سری لنکا کے درمیان میچ میں بھارتی بولر محمد شامی نے سری لنکن بیٹر کو منکڈ آؤٹ کردیا، بھارتی کپتان روہت شرما کے کہنے پر امپائرز نے سری لنکن بیٹر کو واپس بُلالیا۔
انگلینڈ کے خلاف میچ میں جب انگلش بیٹر کرس گیل کے گیند کرانے سے پہلے ہی کریز سے باہر نکل گئے تو کرس گیل رُک گئے اور گیند کو وکٹ پر مارنے کا انداز اپناتے ہوئے بیٹر کو آؤٹ کرنے کی وارننگ دی اور رن اپ پر واپس چلے گئے