عثمان خان;وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے مطابق حج آپریشن 2026 تیزی سے اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور پاکستانی حجاج کرام کی نصف سے زائد تعداد وطن واپس پہنچ چکی ہے۔
وزارت مذہبی امور کے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت تقریباً 55 ہزار سرکاری حجاج کرام سعودی عرب میں موجود ہیں۔ ان میں 28 ہزار حجاج مکہ مکرمہ جبکہ 27 ہزار حجاج مدینہ منورہ میں قیام پذیر ہیں۔
حج آپریشن کے تحت خدمات انجام دینے والے 51 فیصد طبی عملے اور خدام الحجاج بھی اپنی ذمہ داریاں مکمل کرنے کے بعد پاکستان واپس آ چکے ہیں۔
وزارت کے مطابق جدہ سے آخری حج پرواز 16 جون کو پاکستان روانہ ہوگی، جبکہ مدینہ منورہ سے آخری پرواز 30 جون کو وطن واپس پہنچے گی۔ اس آخری پرواز کی واپسی کے ساتھ ہی حج آپریشن 2026 باضابطہ طور پر اختتام پذیر ہو جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ باقی ماندہ حجاج کرام کی واپسی کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں اور پروازوں کا شیڈول طے شدہ منصوبہ بندی کے مطابق جاری ہے تاکہ حجاج کرام کو محفوظ اور سہولت کے ساتھ وطن واپس لایا جا سکے۔