(ویب ڈیسک)معروف اداکار راشد محمود کو گاڑی کی ٹکر لگنے پر مشتعل افراد کی جانب سے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
صدارتی ایوارڈیافتہ سینئراداکارراشد محمود کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں ان کے چہرے پر تشدد کے نشانات دیکھے جاسکتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر راشد محمود نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وہ رحیم یار خان سے موٹر وے پر اپنی اہلیہ کے ساتھ جارہے تھے کہ غلط راستہ لینے کی وجہ سے وہ یو ٹرن لینے کیلئے کچی جگہ پر اترے۔
سینئراداکار نے بتایا کہ اتنے میں سامنے سے ایک تیز رفتار موٹر سائیکل سوار آیا اور میری گاڑی سے ٹکرا گیا، موٹر سائیکل پر خواتین اور بچے بھی سوار تھے جس کے باعث میری گاڑی کو نقصان پہنچا،اس کےبعد موٹر سائیکل سوار اور دیگر کچھ افراد نے مجھے بری طرح مارنا پیٹنا شروع کردیا، میرے چہرے، سینے اور پیٹ پر مکے مارے گئے، گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا اور مجھ سے سامان چھیننے لگے، اس کے علاہ مجھے اٹھا کر پٹخا بھی گیا، اس ہجوم میں ایک شخص نے شاید مجھے پہچان لیا اور مجھے بچایا۔
راشد محمود نےکہا کہ مجھ سے میرا شناختی کارڈ بھی چھین لیا گیا، مجھے ایسا لگا جیسے یہ کچے کے ڈاکو ہیں، قصور بھی ان کا تھا، وہ مجھے اٹھا کر لے جانا چاہتے تھے لیکن مجھے ایک شخص نے بچالیا اور پھر میں وہاں سے نکلا، گھر پہنچ کر پولیس کو تمام تر واقعہ کی اطلاع دی۔
راشدمحمود نے مزید کہا کہ وہ اس واقعے سے شدید صدمے میں ہیں، اگر ان کے ساتھ کوئی اور ہوتا تو شاید وہ اس افسوس ناک حملے سے بچ جاتے۔