(قذافی بٹ)حکومت کو بلدیاتی انتخابات کروانے تیاریاں، وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کو بلدیاتی الیکشن کے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔
کورونا بحران ابھی جاری ہے لیکن وزیراعظم نےپنجاب حکومت کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کی ہدایات جاری کردیں۔ وزیراعظم عمران خان کو وزیرِ اعلیٰ سیکرٹیریٹ میں لوکل باڈیز (مقامی حکومتوں کے نظام) پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور صوبائی وزراء اور سینئر افسران شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوکل باڈیز کے نظام کو جلد از جلدفعال کرنے کے لئے الیکشن کے انعقاد کے انتظامات مکمل کئے جائے ۔
انہوں نے کہا کہ مقامی حکومتوں کے ذریعے عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کیے جا سکیں۔وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی الیکشن کمیشن اگلے ماہ سے ساٹھ دنوں میں حلقہ بندیاں مکمل کر لے گا، لوکل باڈیز الیکشن کا انعقاد سال کے آخرتک ہو سکتا ہے اور الیکشن پنتالیس دنوں میں مکمل ہو ں گے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت صوبہ پنجاب میں ٹڈی دل کے تدارک کے حوالے سے اقدامات پر بھی اجلاس ہوا، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ٹڈی دل کے حملے سے نمٹنے کے لئے صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کی مدد سے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے ہدایات جاری کیں کہ ٹڈی دل کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے ہر ممکنہ اقدام کیا جائے کسانوں کی بیش قیمت فصلوں کو اس قدرتی آفت سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔