جیل روڈ (زاہد چودھری) کورونا کی شدت بڑھ گئی، ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز بھی ناکافی ہوگئے، 24 گھنٹے کے دوران لاہور میں مزید 14 اموات کے ساتھ مجموعی تعداد 314 ہوگئی، 971 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کنفرم مریضوں کی تعداد 23756 ہوگئی ہے، حکومت نے لاہور کو 2 ہفتوں کیلئے سیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ترجمان محکمہ پرائمری ہیلتھ کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے 1919 نئے کیسز کے بعد تعداد 47382 ہو گئی، صوبے بھر میں کورونا سے 49 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 890 ہوگئی، سرکاری ہسپتالوں میں صرف 34 وینٹی لیٹرز خالی رہ گئے، سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں کوررونا سے متاثرہ 729 مریض داخل 183 آئی سی یو اور 115 وینٹی لیٹر پر ہیں۔ اب تک 327,072 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں اور کورونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 9546 ہو چکی ہے۔
کورونا کے مریضوں میں اضافہ ہوتے ہی، ہسپتالوں میں جگہ کم پڑنے لگی، شہر کے کئی ہائی ڈپنڈنسی یونٹ(ایچ ڈی یو) اورآئی سی یو مریضوں سے بھر گئے، کورونا مریضوں کے لئے شہر کے 8 ٹیچنگ ہسپتالوں میں ایچ ڈی یو اور آئی سی یو قائم کئے گئے۔ بڑھتے کیسز کے پیش نظر انتہائی نگہداشت وارڈ میں جگہ تقریباً ختم ہوگئی، میو ہسپتال ہائی ڈپنڈنسی یونٹ اور آئی سی یو 80 فیصد مریضوں سے بھر گیا، جناح ہسپتال اور جنرل ہسپتال کے ہائی ڈپنڈنسی یونٹ اور آئی سی یو میں مریضوں کے لئے کوئی جگہ نہیں۔تمام بیڈزفل ہوگئے۔
علاوہ ازیں کورونا کی بگڑتی صورتحال، لاہور کیلئے مینجمنٹ کی علیحدہ مؤثر پالیسی مرتب کر لی گئی، لاہور کو پیر سے دو ہفتوں کیلئے مکمل بند کرنے کی تجویز پر اتفاق کرلیا گیا، لاہور کی صورتحال کو مانیٹر کرنے کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، صورتحال کو ایوان وزیراعلیٰ سے مانیٹر کیا جائے گا، ماہرین پر مشتمل گروپ کی سفارشات کی روشنی میں لاہور کیلئے علیحدہ ماڈل بنا لیا گیا، خصوصی کمیٹی نے پیر کے روز سے دو ہفتوں کے مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز دی، تاہم حتمی منظوری وزیراعظم آج دیں گے۔
ذرائع کے مطابق ریجنل ٹیکس دفاتر میں مزید 3 نئے کیسز سامنے آگئے، ایف بی آر کے افسر و ملازمین میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے، کارپوریٹ آرٹی او کے سینئر آڈیٹر محمد سہیل کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، اسی طرح زون ون کے انسپکٹر ان لینڈ ریونیو راجہ ندیم اور کے پی او نوید کھوکھر کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا ہے، ٹیکس دفاتر میں کورونا کیسز سامنے آنے کے باوجود عملہ کے ٹیسٹ نہیں کروائے جارہے، ٹیکس دفاتر کے داخلی دروازوں پر داخلہ سے قبل ملازمین، افسران و سائلین کا بخار بھی چیک نہیں کیا جارہا ہے۔
دریں اثناء پنجاب پولیس کے دو افسروں نے کرونا وائرس کو شکست دے دی جبکہ دو روز میں 108 ملازمین مہلک مرض کا شکار ہوگئے صوبہ بھر میں تعداد 1032 ہوگئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب سہیل سکھیرا اور اے آئی جی فنانس ڈاکٹر آصف شہزاد کا دوبارہ ٹیسٹ نیگٹیو آ گیا ہے جبکہ ری کنفرمیشن ٹیسٹ کے سیمپلز بھی بھجوا دیئے جائیں گے۔
دوسری جانب 577 اہلکارو افسر مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جبکہ 455 اہلکارکورونا وائرس کو شکست دیکر گھروں کو چلے گئے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق اب تک 22 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں، 18 ہزارکے قریب کے ٹیسٹ نیگیٹو جبکہ 2800 سے زائد اہلکاروں کے ٹیسٹوں کے زرلٹ کا انتظار ہے، کورونا سے پولیس کے شہداء کی تعداد 7 ہو چکی ہے ۔