پنجاب اسمبلی ایوان میں ایک مرتبہ پھر بلدیاتی اداروں کے بحال کرنے کی گونج، مسلم لیگ (ن) کا کہنا ہے کہ حکومت بلدیاتی اداروں کو بحال نہ کرکے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کررہی ہے۔ ایوان میں سپیکر پنجاب اسمبلی کا ہسپتالوں میں پارکنگ کے نام پر ناجائز فی وصول کرنے پر بھی اظہار برہمی، وزیر صحت کو ہسپتالوں میں پارکنگ فیس کے لیے قوانین مرتب کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہیٰ کی زیر صدارت ہوا۔ وقفہ سوالات کے بعد مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی جانب سے بلدیاتی اداروں کی بحالی کا معاملہ ایوان میں اٹھایا گیا۔ ن لیگ کے رکن اسمبلی ملک احمد خان نے نقطہ اعتراض پر کہا کہ حکومت بلدیاتی اداروں کو بحال نہ کرکے عدالتی حکم عدولی کر رہی ہے۔ عدالت نے بلدیاتی نمائندوں کو اجلاس بلانے کی اجازت دی۔ حکومت عدالت کے فیصلے کو ماننے سے انکار کیوں کر رہی ہے۔
صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت جواب دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کا حکم من وعن تسلیم کرتے ہیں مگر دو پٹیشنز عدالت میں دائر ہیں جتنی دیر ان کا فیصلہ نہیں آتا انتظار کرنا ہوگا۔اجلاس میں ن لیگی رکن اسمبلی صہیب احمد ملک نے ایوان میں کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں پارکنگ اسٹینڈ پر جگ ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔جس پر سپیکر اسمبلی نے اظہار برہمی اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت کو پیغام دیا کہ وہ پارکنگ اسٹینڈ کے معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔جن کو ٹھیکے دیئے جاتے ہیں وہ من مانیاں کرتے ہیں۔
اجلاس میں پی ٹی آئی رکن اسمبلی طاہر رندھاوا کی جانب سے عید قرباں کی مویشی منڈیوں میں جانوروں کی واپسی پر فیس وصول کرنے کا معاملہ بھی اٹھایا گیا جس پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے وزیرقانون کو معاملے کا فوری نوٹس لینے کی ہدایت کی۔ ایجنڈا مکمل ہونے پر سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے اجلاس 26 جولائی بروز پیر دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دیا۔