قذافی بٹ :ملک بھر میں کورونا کی صورتحال، این سی او سی کا اہم اجلاس،چیئر مین این سی او سی اسد عمر اور این سی او سی نیشنل کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمودالزمان کی سربراہی میں آج ایوان وزیراعلی میں اجلاس ہوگا۔
این سی او سی کے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار بھی اجلاس میں شرکت کریں گے،اجلاس میں اسلام آباد،آزاد جموں و کشمیر اور دیگر صوبوں کے نمائندے ویڈیو لنک کےذریعےشریک ہوں گے،لاہور میں ہونے والےاجلاس میں عید الاضحی کے موقع پر ایس او پیز پرعمل درآمد اور مویشی منڈیوں کی منیجمنٹ کےسلسلے میں تمام صوبےبریفنگ دیں گے،ہاٹ سپاٹ ایریاز،سمارٹ لاک ڈاؤن اورکانٹیکٹ ٹریسنگ کے حوالے سےخصوصی جائزہ لیا جائےگا۔
کورونا کےخلاف پاکستان کی کوششوں کوبہتر کرنے کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی،ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور مختلف ڈیجیٹل ایپلیکیشن کا استعمال بھی اجلاس کےایجنڈا کا حصہ ہیں،کسی بھی صوبے سےیہ پہلا اجلاس ہو گاجبکہ دیگر صوبائی دارالحکومتوں سے بھی اجلاس منعقد کیے جائیں گے،صوبائی دارالحکومت میں ہونے والے اس اجلاس کامقصد کورونا وبا کےخلاف قومی یکجہتی،مسائل کی بہتر تفہیم اور ہم آہنگی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ صوبوں کی کورونا کے خلاف کارکردگی کو سراہنا ہے۔
یاد رہے ملک میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 48 ہزار 872 جبکہ اموات 5197 ہوگئیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 521 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مزید 74 اموات ہوئیں۔ کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 86 ہزار 975 ہے جبکہ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 56 ہزار 700 ہو گئی۔لاہور میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 10 مزید افراد موذی وائرس کی وجہ سے جان کی بازی ہار گئے۔ شہر میں اموات کی مجموعی تعداد 566 ہوگئی جبکہ 281 مزید افراد میں وائرس کی تصدیق ہو ئی ہے ۔ کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 44810 ہوگئی۔