سٹی42: آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کا امکان ہے۔ پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ خطہ پوٹھوہار اور کشمیر میں صبح کے اوقات میں کہرا پڑنے کا امکان ہے۔
شہر لاہور میں دھند کے ڈیرے چھائے ہوئے ہیں اور حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث ٹریفک اور روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 94 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ شہر میں دو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جس کی وجہ سے سردی کی شدت برقرار ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں، تاہم دھند اور سردی کی شدت برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ماہرین نے کہا ہے کہ 16 جنوری سے مغربی ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس کے بعد لاہور میں بھی ہلکی بارش متوقع ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز اور دورانِ سفر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
شہر قائد میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے اور درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ تک گر گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ صبح کے وقت بھی پارہ صرف 11 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔سرد موسم کے ساتھ ساتھ کراچی کا فضائی معیار تشویشناک حد تک خراب ہو گیا ہے۔ عالمی ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر اس وقت دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ ماہرین کے مطابق شہر کی فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار 182 پرٹیکیولیٹ میٹرز (PM) ریکارڈ کی گئی، جو انسانی صحت کے لیے مضر ہے۔
دوسری جانب ملک کے شمالی علاقوں میں گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری بھی متوقع ہے۔ آج کم سے کم درجہ حرارت منفی 13 ڈگری سینٹی گریڈ سکردو میں، منفی 11 لہہ و استور میں، منفی 9 گوپس میں اور گلگت میں منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دیگر شہروں میں اسلام آباد میں 0، کوئٹہ منفی 1، مری منفی 1، لاہور 2، کراچی 8، سکھر 3، مٹھی 0، پشاور 1 اور مظفرآباد میں 1 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا ہے۔