ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما علی زیدی نے بلدیاتی الیکشن ملتوی ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ہاتھوں شکست کے خوف سے یہ اقدام کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما علی زیدی نے کہا کہ پی پی پی اور ایم کیوایم ایک بار پھر بلدیاتی الیکشن سے بھاگ گئے۔ان کا کہنا تھا کہ کہ پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد ہفتہ کو احتجاج کی کال دی جائے گی۔واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) کی جانب سے حلقہ بندیوں پر تحفظات کے بعد سندھ حکومت نے حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔
بلاول بھٹو کی صدارت میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ اور بعض دیگر وزرا کے مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ ایم کیوایم کو حلقہ بندیوں پر تحفظات ہیں، چاہتے اتحادیوں کے مطالبات کو سنجیدہ لیا جائے۔انہوں نے بتایا کہ کراچی، حیدرآباد اور دادو میں15 جنوری کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے جا رہے ہیں البتہ سندھ کے باقی تمام اضلاع میں الیکشن معمول کے مطابق ہوں گے۔