سٹی42: چیمپئینز ٹرافی 2025 کے "ہیرو اِن ویٹِنگ" شاہین شاہ آفریدی نے ساأتھ افریقہ اور اس سے پہلے نیوزی لینڈ کے ساتھ میچوں پر بعض دل جلے سابق کرکٹرز کی تنقید کا بالواسطہ جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ میچ اس لئے ہی ہو رہے ہیں کہ چیمپئینز ٹرافی سے پہلے اچھی تیاری ہو جائے۔
ایک سوال کے جواب میں شاہین نے بتایا کہ ان کی انگلی بالکل ٹھیک ہے ایکسرے کروایا ہے،سب کچھ ٹھیک ہے، کچھ سوجن باقی ہے جو امید ہے بہتر ہو جائے گی۔
کراچی کے نئے نیشنل سٹیڈیم میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے گئے ون ڈے انٹرنیشنل کے بعد مکسڈ زون میں گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ نے کہا کہ تسلیم کرتے ہیں ہم سے آخر کے اوور اچھے نہیں ہورہے۔
پروٹیز کے ساتھ میچ کی پہلی اننگز میں مہمان بیٹر کے ساتھ ٹینشن ہو جانے کے متعلق سوالات کے جواب میں شاہین نے کہا کہ پہلی بار (جن مہمان بیٹر نے بیٹ دکھا کر دھمکایا) میتھیو نے کچھ نہیں بولا تھا۔ میں نے اسے وکٹ لینے کے لیے تنگ کیا تھا، گراؤنڈ میں جو بھی ہواتھا وہ وہیں کی حد تک تھا۔
شاہین نے کہا کہ دوسرے پلیئرز بھی اپنے ملک کے لیے کھیلتے ہیں ہم بھی اپنے ملک کے لیے کھیلتے ہیں۔

بعض میڈیا آؤٹ لیٹس کے تجزیہ کاروں اور رپورٹروں کی بے جا تنقید کے متعلق بردباری سے اظہار خیال کرتے ہوئے قومی باؤلر نے کہا، آپ میڈیا والوں کا بڑا کردار ہے، میڈیا کا پیغام سوشل میڈیا پر سب لوگ دیکھتے ہیں، میڈیا جو بات اچھی کرے گا وہ پوری دنیا میں جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہاں کوئی بابر یا شاہین نہیں صرف پاکستان ہے، منفی چیز جب تک ہوگی کہیں بھی ترقی نہیں ہوسکے گی۔