(سعید احمد سعید) محکمہ ریلوے شعبہ پراپرٹی اینڈ لینڈ نے 8سالہ کارکردگی رپورٹ مرتب کرلی، کارکردگی رپورٹ میں ملک بھر میں موجود وارگزار کرائی گئی ریلوے اراضی کی تفصیلات درج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رپورٹ میں ریلوے لاہور ڈویژن سمیت تمام ڈویژنوں میں واگزار کرائی گئی اراضی کی تفصیلات درج کی گئی ہیں۔ جنوری2012 سے جنوری 2020تک 4ہزار 168 ایکڑ اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرائی گئی۔ واگزار کرائی گئی زمین میں کمرشل، رہائشی، اور زرعی زمین شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق لاہورمیں سب سے زیادہ 1ہزار 932 ایکڑ زمین وارگزار کرائی گئی۔دوسرے نمبر پر ملتان ڈویژن میں 1ہزار 213ایکڑ اراضی وارگزار کرائی گئی۔کراچی ڈویژن میں 318ایکڑ، سکھر میں 260ایکڑ، پشاور 233ایکڑ، راولپنڈی 162 اور کوئٹہ میں41ایکڑ اراضی واگزار کرائی گئی۔اراضی کی واگزاری ریلوے ڈویژنل افسران، ریلوے پولیس اور مقامی ضلعی انتظامیہ کی مدد سے کی گئی۔