سٹی42: فٹبال کے سپر سٹار لیونل میسی کی کلکتہ آمد پر سٹیڈیم میں ہنگامہ ہو گیا۔ میسی کو سٹیڈیم میں چند منٹ رک کر واپس جانا پڑا۔ آرگنائزر نے گنجائش سے زیادہ ٹکٹ فروخت کر رکھے تھے۔ پولیس نے میسی کی تقریب کے آرگنائزر کو گرفتار کر لیا۔ ٹکٹوں کے پیسے کیے جائیں گے واپس!
مغربی بنگال کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس راجیو کمار نے کہا کہ آرگنائزر تحریری طور پر وعدہ کر رہے ہیں کہ ٹکٹوں کی رقم واپس کی جائے گی۔ انھوں نے یہ بھی مطلع کیا کہ حالات اب قابو میں ہیں۔
کلکتہ پولیس نے ارجنٹائنا کے فٹبالر لیونل میسی کے استقبال کی تقریب میں ہنگامہ اور بدانتظامی معاملہ پر سخت ایکشن لیا ہے۔ ہفتہ کے روز سالٹ لیک سٹی میں میسی کی آمد ہوئی تھی، لیکن اس تقریب میں شدید بدنظمی دیکھنے کو ملی۔ سٹیڈیم میں موجود فٹ بال شائقین اور میسی کے شیدائیوں نے اس بدنظمی پر اپنی ناراضگی ظاہر کی۔
اس دوران بہت سے لوگوں نے زبردست توڑ پھوڑ کی تھی۔ اب اس تعلق سے کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے تقریب کے آرگنائزر یعنی منتظم کو گرفتار کر لیا ہے۔
سالٹ لیک سٹیڈیم میں لیونل میسی چند منٹ ہی رُکے۔ اس سے پہلے کے سٹیڈیم میں حالات خراب ہوتے، ان کی سکیورٹی کے لوگ میسی کو لے کر سٹیڈیم سے نکل گئے۔ سٹیڈیم میں موجود بیشتر ناظرین کو میسی کی ایک جھلک تک دیکھنے کا موقع نہیں ملا۔ اس شو کے ٹکٹ مہنگے داموں بیچے گئے تھے اور بعد مین پتہ چلا کہ گنجائش سے زیادہ ٹکٹ بیچے گئے تھے۔ سکیورٹی کے لئے جو انتظام کیا گیا وہ از حد بودا اور ناقابلَ اعتبار تھا۔
سکیورٹی کے بودے پن نے لوگوں کو تشدد پر اکسایا اور بہت سے لوگ میدان میں بوتلیں پھینکنے لگے۔ کئی لوگوں نے تو کرسیاں بھی توڑ دیں اور سینکڑوں کی تعداد میدان میں بھی داخل ہو گئے۔۔ مغربی بنگال کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس راجیو کمار نے اس بارے میں کہا کہ ’’ناظرین میں ایسی ناراضگی یا بے چینی اس خدشہ سے تھی کہ وہ اپنے ہیرو سے ملاقات نہیں کر پائیں گے۔ منصوبہ یہ تھا کہ میسی یہاں آئیں گے۔ کچھ خاص لوگوں سے ہاتھ ملائیں گے، کچھ خاص لوگوں سے ملاقات کریں گے اور چلے جائیں گے۔‘‘
ان سے ہاتھ ملانے اور ان کے ساتھ سیلفی بنوانے کا خاص ٹکٹ رکھا گیا تھا۔
بنگال کی ھکومت نے اچھی خاصی بے عزتی ہونے کے بعد سٹیڈیم میں پیدا حالات کی جانچ کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ یہ کمیٹی سبھی پہلوؤں کی جانچ کر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
ٹکٹ 4000 روپے سے 25000 روپے تک کی قیمت میں فروخت ہوئے تھے۔ دیکھنے والی بات یہ ہے کہ ٹکٹوں کی رقم کس طرح اور کب تک واپسی کی جاتی ہے۔
اس درمیان مغربی بنگال کے گورنر سی وی آنند بوس نے سالٹ لیک سٹیڈیم میں بدانتظامی پر اپنی سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس تقریب کے آرگنائزرس کو فوری گرفتار کر کے ان پر قتل کی کوشش کا مقدمہ داخل کیا جانا چاہیے۔
’لوک بھون‘ (گورنر ہاؤس) کے ایک افسر نے کہا کہ گورنر اس حادثہ سے بہت حیران ہیں۔ اگر وزیر اعلیٰ کو ہی راستے سے لوٹنا پڑتا ہے، تو یہ معاملہ بے حد سنگین ہے۔ گورنر نے یہ بھی کہا کہ جن لوگوں نے بھی ٹکٹ خریدا تھا، ان کو ریفنڈ ملنا چاہیے۔ اس کے علاوہ سٹیڈیم کو ہوئے نقصان کا ازالہ بھی آرگنائزرس سے ہی کرنا چاہیے۔ اگر کسی پولیس افسر نے لاپروائی کی ہے، تو اسے بھی معطل کر دیا جانا چاہیے۔