سٹی 42: پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تحت تعلیم حاصل کرنے والے ہزاروں طلباء کا مستقبل داؤ پر لگ گیا۔
پنجاب ورکر ویلفیئر بورڈ طلباء کی فیسوں کی ادائیگی میں اربوں روپے کی خرد برد سامنے آنے پرپنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تحت تعلیم حاصل کرنے والے ہزاروں طلباء کا مستقبل دائو پر لگ گیا۔ پنجاب ورکر ویلفیئر بورڈ مختلف یونیورسٹیوں کی فیسوں کی مد میں کروڑوں روپے کا نا دہندہ نکلا۔ طلباء کی بڑی تعداد نے پنجاب ورکر ویلفیئر بورڈ کے باہر احتجاج کیا۔ طلباء کی جانب سے 'ہماری فیسیں ادا کرو کے نعرے' لگائے گئے۔
طلباءنے حکومت پنجاب سے مدد کی اپیل کی اور کہا کہ پنجاب ورکر ویلفیئر بورڈ محنتی مزدوروں کے ساتھ نا انصافی کر رہا ہے۔ لیبر یونین اپنے بچوں کے تعلیمی مستقبل کو لے کر پریشان ہے۔ اس موقع پر طلباء کا کہنا تھا کہ پنجاب ورکر ویلفیئر بورڈ کا عملہ ہماری فیسیں ادا کرنا ہی نہیں چاہتا۔ طلباء نے گورنر پنجاب اور وزیر اعلی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ یونیورسٹیز میں ہماری فیسوں کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔