بابر شہزاد ترک : فیڈرل پبلک سروس کمیشن ( ایف پی ایس سی) نے سی ایس ایس 2026 کی امتحانی شیٹس سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی پوسٹ کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اس میں عائد الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔
ایف پی ایس سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سی ایس ایس 2026 کی امتحانی شیٹس گم ہونے کا الزام حقائق کے منافی ہے۔ سیکریسی ونگ اور ایگزام سیل میں بے ضابطگی، اکیڈمیوں سے گٹھ جوڑ اور نشستوں میں ردوبدل سے متعلق الزامات بھی بے بنیاد ہیں۔کمیشن کے مطابق امتحانی شیٹس کی وصولی اور حفاظت کے لیے مکمل چین آف کسٹڈی نظام نافذ ہے اور ہر مرحلے پر شیٹس کا ریکارڈ محفوظ کیا جاتا ہے۔ شیٹس کی تعداد اور ان کی تصدیق بھی باقاعدگی سے کی جاتی ہے۔
ایف پی ایس سی نے کہا کہ امتحانی شیٹس گم ہونے، کسی شکایت یا بے ضابطگی کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں۔ امتحانی عمل میں کسی اکیڈمی یا تیسرے فریق کی مداخلت کا بھی کوئی امکان نہیں۔اعلامیے کے مطابق رول نمبر پلان اور نشستوں کی تقسیم خودکار طریقے سے ہوتی ہے، جبکہ امتحانی مراکز کی تشکیل بھی شفاف طریقہ کار کے تحت کی جاتی ہے۔ نشستوں کی تقسیم میں کسی فرد کی براہِ راست مداخلت نہیں ہوتی۔ ایف پی ایس سی نے مزید کہا کہ امتحانی عمل کے تمام مراحل میں میرٹ اور شفافیت یقینی بنائی جاتی ہے اور کسی مصدقہ شکایت کی صورت میں فوری اور شفاف کارروائی کی جاتی ہے۔
کمیشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر مصدقہ معلومات پر اعتماد نہ کریں اور امتحانات سے متعلق معلومات صرف سرکاری ذرائع سے حاصل کریں۔ ایف پی ایس سی نے غلط معلومات پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا حق بھی محفوظ رکھنے کا کہا ہے۔