شہزاد خان:محکمہ خوراک نے لاہور میں آٹے کی وافر دستیابی یقینی بنانے کے لیے نان بائیوں اور مارکیٹ کو روزانہ کی بنیاد پر آٹے کی سپلائی اور نگرانی جاری رکھنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کے مطابق شہر میں آٹے کی کوئی قلت نہیں۔
حکام کے مطابق لاہور میں روزانہ 1500 میٹرک ٹن آٹا ملوں کو فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ ملوں سے تقریباً 3 لاکھ آٹے کے تھیلے شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیے جاتے ہیں۔ نان بائیوں کو بھی روزانہ کی بنیاد پر باقاعدگی سے آٹے کی فراہمی جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کا کہنا ہے کہ محکمہ خوراک کی ٹیمیں روزانہ مارکیٹوں کی چیکنگ اور نگرانی کرتی ہیں۔ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی، بے جا منافع خوری یا دیگر بے ضابطگیوں پر فلور ملز اور آٹا ڈیلرز کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران کارروائی کرتے ہوئے فلور ملز اور آٹا ڈیلرز کے 45 لائسنس معطل کیے گئے، جبکہ مجموعی طور پر 60 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
محکمہ خوراک کے مطابق آٹے کی غیر قانونی پیکنگ کے خلاف بھی کارروائیاں کی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کی مسلسل نگرانی کے باعث لاہور کے کسی بھی علاقے میں آٹے کی قلت نہیں ہے۔