سٹی42: پنجاب میں مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل آج سے شروع ہونے جا رہا ہے جس کے حوالے سے پی ڈی ایم اے نے شہریوں اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آج 13 سے 17 اگست تک بالائی پنجاب میں بارشوں کا امکان ہے۔ 18 سے 21 اگست تک میدانی اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسپیل کو زیادہ مضبوط قرار دیا گیا ہے۔
بارش سے متاثر ہونے والے ممکنہ علاقے جن میں بالائی علاقے، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد ۔ میدانی اضلاع لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ ڈیرہ غازی خان، بھکر، بہاولپور، خانیوال، وہاڑی، لودھراں، راجن پور میں بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
لاہور، راولپنڈی، گجرانوالہ، سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ شدید بارشوں سے ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ اور مری، گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔کچے اور کمزور مکانات کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔
عوام کو یدایت دی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خصوصاً سیاحتی مقامات کی طرف جانے سے گریز کریں۔ بارش یا سیلاب کی صورت میں بہتے پانی سے گاڑی گزارنے سے پرہیز کریں اور کسی بھی ایمرجنسی میں ریسکیو 1122 یا پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ایمرجنسی کنٹرول رومز میں مکمل حاضری یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔مزید کہا گیا ہے کہ ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیمیں مکمل طور پر الرٹ رکھی جائیں۔