(راؤ دلشاد) وزیر اعظم شہبازشریف اور آرمی چیف عاصم منیر کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہنے پر قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی۔قرارداد مسلم لیگ ن کی رکن اسمبلی عظمیٰ کاردار نے پنجاب اسمبلی میں جمع کروائی۔
قرارداد کے متن کے مطابق شہبازشریف ، عاصم منیر اور اسحاق ڈار کی کاوشوں سے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کا اہم کردار سامنے آیا جس سے عالمی تباہی کا خطرہ ٹل گیا، اگر امن معاہدہ کےلئے پاکستان کی کاوشیں نہ ہوتیں تو دنیا میں ایٹمی جنگ کا خطرہ رہتا ،بے گناہ لوگ مارے جاتے اور دنیا کی معیشت تباہ ہوجاتی،پاکستان کی کامیاب سفارتکاری سے اسلام آباد میں مذاکرات ہوئے اور امریکہ اور ایران کے درمیان اہم پیش رفت سامنے آئی، دنیا اعتراف کررہی ہے کہ پاکستان نے امن قائم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی ادارے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو خراج تحسین پیش کررہے ہیں،مسلم اُمہ کی نظریں پاکستان پر ہیں جس سے ایران امریکہ اتحاد کیلئے امیدیں بڑھ گئی ہیں،معرکہ حق میں بھارت کی شکست سے دنیا میں پاکستان کی عسکری برتری تسلیم کر لی گئی، پاکستان دنیا میں امن کیلئے ایران امریکہ اسرائیل کے درمیان امن معاہدہ کی کاوشیں جاری رکھے گا، ایران امریکہ مذاکرات سے برطانیہ، یورپی ممالک اور کینیڈا کا پاکستان پر اعتماد بڑھا ہے۔
عظمیٰ کاردار کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ 10 اپریل کے اسلام آباد مذاکرات کو تاریخی اہمیت حاصل ہوگئی ہے، یہ ایوان شہباز شریف اور جنرل عاصم منیر کیلئے نوبیل انعام کی تجویز پیش کرتا ہے، بہترین سفارت کاری سے پاکستان نے امریکہ اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لا کھڑا کیا،پاکستان ایران امریکہ امن معاہدے کیلئے کامیاب ثالثی پالیسی سے دنیا کو امن کا گہوارہ بنائے گا،