ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں پنجاب بھر میں غیر قانونی اور ناقص پلاسٹک بیگز کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات علی اعجاز کی سربراہی میں محکمہ ماحولیات کی ٹیموں نے اچھرہ مارکیٹ سمیت مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں .
ڈپٹی ڈائریکٹر علی اعجاز کی سربراہی میں محکمہ ماحولیات کی ٹیم نے اچھرہ مارکیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے 75 مائیکرون سے کم موٹائی والے پلاسٹک بیگز استعمال کرنے والی 3 دکانوں کو سیل کر دیا جبکہ خلاف ورزی پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر علی اعجاز کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق صرف 75 مائیکرون موٹائی کے پلاسٹک بیگز کے استعمال کی اجازت ہے جبکہ اس سے کم موٹائی والے شاپر بیگز کا استعمال اور فروخت مکمل طور پر ممنوع اور قابلِ سزا جرم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب بھر میں ناقص کوالٹی پلاسٹک بیگز کی تیاری، سپلائی اور استعمال پر مکمل پابندی عائد ہے اور اس قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق اس مہم کا مقصد ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا اور شہریوں کو صاف اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں اور ماحول دوست متبادل اشیاء کا استعمال یقینی بنائیں.