ویب ڈیسک: امریکا کی جانب سے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کے اعلان اور ایران سے مذاکرات کی ناکامی کے بعد خطے بھر کی اسٹاک مارکیٹس دباؤ کا شکار ہو گئی ہیں، جس کے اثرات پاکستان سمیت ایشیا بھر میں نمایاں نظر آئے ہیں۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی شدید مندی ریکارڈ کی گئی۔ ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 5 ہزار سے زائد پوائنٹس گر کر 1 لاکھ 61 ہزار 659 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا، جبکہ گزشتہ ہفتے کے اختتام پر یہ 1 لاکھ 67 ہزار 191 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب عالمی سطح پر بھی منفی رجحان دیکھنے میں آیا۔ جنوبی کوریا کے کوسپی انڈیکس میں 2.08 فیصد کمی ہوئی، جبکہ جاپان کے نکی انڈیکس میں ایک فیصد تنزلی ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں ایک فیصد سے زائد کمی دیکھی گئی، جبکہ چین کے شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس میں بھی معمولی مندی ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کے مطابق ایران-امریکا کشیدگی اور ممکنہ معاشی پابندیوں کے خدشات کے باعث سرمایہ کار محتاط ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں عالمی مارکیٹس دباؤ میں آ گئی ہیں۔