زاہد چودھری:پنجاب بھر میں قومی انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ مہم کا افتتاح فوکل پرسن پولیو عظمیٰ کاردار نے چلڈرن ہسپتال میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر کیا۔
افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر چلڈرن ہیلتھ سائنسز یونیورسٹی ڈاکٹر مسعود صادق، پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کے نمائندوں، ضلعی ہیلتھ افسر ڈاکٹر زاہد منیر سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
فوکل پرسن عظمیٰ کاردار کا کہنا تھا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے ٹرانزٹ پوائنٹس کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے، جبکہ ہر داخلی اور خارجی راستے پر پولیو ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی بچے کو ویکسین سے محروم نہ رہنے دیا جائے۔
اس موقع پر ڈاکٹر مسعود صادق نے کہا کہ کووڈ کے بعد بدقسمتی سے پولیو وائرس کی واپسی دیکھنے میں آئی ہے، جس کے خاتمے کے لیے پولیو ورکرز، محکمہ صحت اور ڈاکٹرز کو مل کر بھرپور محنت کرنا ہوگی۔
ضلعی ہیلتھ افسر ڈاکٹر زاہد منیر کے مطابق لاہور میں یہ مہم سات روز تک جاری رہے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر کلیم اختر نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے تک یہ مشن جاری رہنا چاہیے، جبکہ ڈاکٹر ناصر رانا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہر بچے تک ویکسین کی رسائی یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ والدین اور کمیونٹی کا تعاون پولیو کے خاتمے کے لیے انتہائی ضروری ہے، اور اس کے بغیر اس موذی مرض پر قابو پانا ممکن نہیں۔