ویب ڈیسک:کیلیفورنیا کے شہر ہنٹنگٹن بیچ کے قریب دوپہر کے وقت ایک ہیلی کاپٹر درختوں سے ٹکرا کر گر گیا، جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق ہیلی کاپٹر کچھ دیر درختوں کے قریب منڈلاتا رہا اور پھر اچانک بے قابو ہوگیا، جس کے بعد وہ نیچے آ گرا۔
حکام کے مطابق، ہیلی کاپٹر میں موجود دو افراد کو بچا لیا گیا، جبکہ زمین پر موجود تین راہگیر زخمی ہوئے، تمام زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہیلی کاپٹر کو فنی خرابی پیش آئی ہو۔
مقامی رہائشیوں کے مطابق حادثے سے پہلے ایک زور دار آواز سنی گئی اور اس کے بعد علاقے سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا، ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔