پنجاب میں ڈینگی کا خطرہ بدستور موجود

 پنجاب میں ڈینگی کا خطرہ بدستور موجود
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

زاہد چوہدری: پنجاب میں ڈینگی کا خطرہ بدستور موجود، 3 نئے مریضوں کی تصدیق،  چوبیس گھنٹوں کے دوران 183 مشتبہ مریض سامنے آئے ،ایک ہفتے کے دوران 8457 مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد۔
 
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس کے 3کنفرم کیسز  کی تصدیق کی گئی ہے، صوبے بھر کے ہسپتالوں میں ڈینگی بخار کے 183 مشتبہ مریض سامنے آئے ہیں۔ان میں سے 5 مریضوں کا تعلق لاہور سے ہے۔

صوبے میں رواں برس کے دوران ڈینگی کے 103 کنفرم مریضوں کی اب تک تصدیق ہوچکی ہے۔ ترجمان پرائمری ہیلتھ کے مطابق صوبے بھر میں ایک ہفتے کے دوران 8457 مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا ہے۔

 دوسری جانب  وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار  کا کہنا تھا  کہ پنجاب میں گزشتہ24گھنٹے میں کورونا کے 77نئے کیس سامنے آئے ہیں اور 24گھنٹے میں کورونا کا 1مریض جاں بحق ہوا۔   پنجاب میں صحت یاب مریضوں کی تعداد 96945ہے اور کورونا کے ایکٹو  کیسوں کی تعداد1561ہے۔24گھنٹے میں 11082 ٹیسٹ کیے گئے ہیں اورمجموعی طورپراب تک 1374480 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تشویشناک مریضوں کی تعداد 21ہے اوراب تک 2258مریض کورونا کے باعث جاں بحق ہوچکے ہیں۔ ستمبر کے مقابلے میں اکتوبر کے 12دنوں میں مریضوں کی تعداد میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ کورونا کا پھیلاؤ روکنے  کے لئے شہریوں کا پہلے کی طرح بھر پور تعاون ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسداد کورونا ایس او پیز پر عمل شہریوں کو کورونا سے محفوظ رکھے گا۔ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر بزنس مقامات اورتعلیمی اداروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائیاں ہورہی ہیں۔اب تک 20تعلیمی اداروں اور11بزنس مقامات کو بند کیاگیا ہے۔شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ پرہجوم مقامات پر جانے سے گریز کریں۔ماسک پہننے کی پابندی پر عمل کیا جائے اورسماجی فاصلے برقراررکھے جائیں۔

 

 

 

Shazia Bashir

Content Writer