راو دلشاد: گلشنِ راوی سے بابو صابو تک سروس روڈ کی توسیع کے منصوبے کو اے ڈی پی 2025-26 میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گلشنِ راوی سے بابو صابو تک سروس روڈمنصوبے کیلئے فنڈز مختص کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر منصوبے کی منظوری بذریعہ سرکولیشن دی گئی۔ بعد ازاں پنجاب کابینہ نے باقاعدہ منصوبے کی منظوری دے دی۔
دستاویزات کے مطابق موجودہ سڑک کے ڈیزائن نقائص کے باعث ٹریفک دباؤ میں اضافہ ہو رہا تھا۔ ایک جانب تین جبکہ دوسری جانب صرف ایک لین ہونے سے شہریوں کو شدید ٹریفک جام کا سامنا تھا۔
گلشنِ راوی اسٹاپ سے بابو صابو انٹرچینج تک روڈ کو “چوک پوائنٹ” قرار دیا گیا ہے جبکہ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سروس روڈ کی توسیع نہ ہونے کی صورت میں ٹریفک مسائل مزید بڑھ سکتے تھے۔
پنجاب کابینہ کو منصوبے کی منظوری سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔