سٹی 42: پاک بھارت جنگ کے حوالے سے قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی
ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے قرارداد ایوان میں پیش کی،متن کے مطابق آپریشن بنیانُ مرصوص کی کامیابی پر قوم اورپاک افواج کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،پاک افواج نے دشمن کا غرور خاک میں ملا کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت نے بہترین حکمت عملی اختیار کی،پائلٹ کامران مسیح نے راجوڑی ائیربیس تباہ کر کے قوم کے دل جیت لئے ،ایوان شہید ہونے والے معصوم شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے،بھارتی جارحیت کیخلاف قوم متحد اور اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے
قرارداد میں کہا گیا کہ بھارت نے 22 اپریل 2025 کو پہلگام کے فالس فلیگ آپریشن کو جواز بناتے ہوئے 6 اور7 مئی 2025 کی درمیانی شب پاکستان پر آپریشن سندور کے نام سے بزدلانہ حملہ کرکے اس غیور قوم کو للکارا تھا،پاکستان اور آزاد کشمیر کے شہری علاقوں میں مساجد اور مدارس پر حملے کرکے خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت معصوم شہریوں کو شہید اور زخمی کیا گیا،اس کے علاوہ پاکستان کے آبی منصوبوں کو بھی نشانہ بنایا گیا،اس طرح بھارتی جارحیت نے نہ صرف خطے کے امن کو بلکہ عالمی امن کو شدید خطرے سے دوچار کر دیا تھا،بھارت نے پہلگام واقعہ کے بعد 23 اپریل کو سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا یکطرفہ اعلان کیا تھا: ،یہ معاہدہ دو طرفہ ہے اور اسے یکطرفہ طور پر ختم کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور سندھ کے پانی پر 25 کروڑ پاکستانیوں کا حق ہے جسے ختم نہیں کیا جا سکتا،دشمن کو اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ اسے ایسا جواب ملے گا جس سے وہ عالمی برادری میں رسوا ہو جائے گا اور شکست خوردہ زخم چاٹنے پر مجبور ہو جائے گا،جوابی کارروائی کرتے ہوئے 10 مئی کی صبح آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے دشمن کو دندان شکن جواب دے کر افواج پاکستان نے قوم سے کئے گئے وعدے کو پورا کر دیا۔قومی سلامتی کمیٹی نے افواج پاکستان کو بھارتی جارحیت کا جواب دینے کا مکمل اختیار دیا جس پر افواج پاکستان، قوم کی توقعات پر پورا اتری اور شاندار فتح کا تحفہ دیا،ہمارے شاہینوں نے نہ صرف دشمن کے طیاروں کو زمین بوس کیا بلکہ دشمن کے متعدد فوجی اڈوں کو بھی نیست و نابود کر دیا،یہ ایوان اس تاریخ ساز فتح پر پوری قوم کے ساتھ ساتھ سیاسی اور عسکری قیادت، وزیراعظم پاکستان اور ان کی کابینہ، تینوں مسلح افواج کے چیفس اور پاک فضائیہ کے شاہینوں کو مبارکباد پیش کرتا ہے،اس موقع پر پارلیمنٹ میں تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے قومی یکجہتی کا شاندار مظاہرہ دیکھنے میں آیا نیز تمام سیاسی‘ مذہبی اور سماجی جماعتوں اور تنظیموں نے جس اتحاد اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا، یہ ایوان اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے
یہ ایوان پاکستانی میڈیا کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہے جس نے اس موقع پر انتہائی ذمہ دارانہ اور حقائق پر مبنی رپورٹنگ کی اور بھارتی میڈیا کی اشتعال انگیزی اور خلاف حقیقت رپورٹنگ کا پردہ فاش کرکے پاکستان کی صحافتی سرحدوں کی حفاظت کے اپنے قومی فریضے میں انتہائی مثبت کردار ادا کیا،یہ ایوان نوجوانوں کو بھی سلام پیش کرتا ہے جنہوں نے میڈیا اور سوشل میڈیا پر انتہائی ذمہ دارانہ کردار ادا کرکے بھارتی پراپیگنڈے کا مقابلہ کرنے اور اپنی بہادر افواج کی حوصلہ افزائی کرنے میں نہائت مثبت کردار ادا کیا
یہ ایوان تمام شاہینوں بالخصوص شیر دل مسیحی،فیصل آباد کے رہائشی پاک فضائیہ کے ہیرو پائلٹ کامران مسیح نے مادر وطن کے دفاع میں بہادری کی مثال قائم کردی اور دشمن کی صفوں کو تہہ تیغ کرتے ہوئے بخیرو عافیت واپس پہنچے،یہ ایوان قوم کے ہیرو لیفٹننٹ کرنل ظہیر عباس کے سات سال کے معصوم بیٹے ارتضیٰ عباس سمیت سات معصوم بچوں اور سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کی شہادت پر رنج و الم کا اظہار کرتا ہےیہ ایوان تمام شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتا ہے اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا گو ہے،یہ ایوان اس موقع پر بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے موقف کی تائید اور حمائت کرنے اور سفارتی کردار ادا کرنے پر امریکا، چین، سعودی عرب، ترکی، آذر بائیجان اور تمام امت مسلمہ کا شکر گزار ہے،صوبہ پنجاب کے 12 کروڑ عوام کا یہ نمائندہ ایوان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کا ہر حال میں دفاع کیا جائے گا، اور بھارتی تسلط کی ناپاک خواہش کو کسی صورت پورا نہیں ہونے دیا جائے گا۔