طاہر جمیل: صوبائی دارالحکومت میں پیٹرول کی موجودہ صورتحال اور شہریوں کے ریونیو کیسز کے حوالے سے جائزہ اجلاس کمشنر لاہور مریم خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈی سی لاہور کیپٹن ریٹائرڈ علی اعجاز، ایڈیشنل کمشنر حامد ملہی، ڈی سی قصور آصف رضا، ڈی سی ننکانہ راؤ تسلیم اور ڈی سی شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے بریفنگ دی گئی کہ لاہور میں کل 504 پٹرول پمپس پر فیول سپلائی جاری ہے اور اسٹاک موجود ہے۔ اسی طرح لاہور، ضلع ننکانہ، قصور اور شیخوپورہ میں بھی فیول سپلائی بلا تعطل جاری ہے۔
کمشنر مریم خان نے ہدایت دی کہ ڈپٹی کمشنرز مکمل نگرانی رکھیں اور ذخیرہ اندوزی یا سپلائی میں کسی بھی رکاوٹ پر زیرو ٹالرنس ہو۔
ہر پٹرول پمپ کا ڈیٹا 24 گھنٹے بعد خود چیک کریں اور ضروری ہونے پر وفاقی ایجنسیز سے رابطہ رکھیں۔
ضلعی پٹرولیم کمیٹیوں کو فیلڈ میں متحرک رکھا جائے اور ہر رپورٹ کی تصدیق کی جائے۔
اجلاس میں کمشنر لاہور نے ریونیو کیسز کے تمام اضلاع کے کورٹ ریونیو مقدمات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا تاکہ عدالتی کارروائی اور شہریوں کے کیسز کی بروقت پیروی یقینی بنائی جا سکے۔