(ویب ڈیسک) بھارت کے مشہور کرکٹر شیکھر دھون نے اپنی گرل فرینڈ سوفی شائن کے ساتھ منگنی کر لی ہے۔ 12 جنوری کو انہوں نے انسٹاگرام پر ایک تصویر اور جذباتی پیغام شیئر کیا۔ شیکھر دھون کے مداح انہیں مبارکباد دے رہے ہیں اور ساتھ ہی یہ بھی پوچھ رہے ہیں کہ شادی کب ہوگی؟۔ شیکھر دھون کی پہلی بیوی کا تعلق آسٹریلیا سے جبکہ ہونیوالی دوسری بیوی کا تعلق آئرلینڈ سے ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی کرکٹر شیکھر دھون نے اپنی گرل فرینڈ سوفی شائن کے ساتھ منگنی کر لی ہے۔ 12 جنوری کو انہوں نے انسٹاگرام پر ایک تصویر اور جذباتی پیغام شیئر کیا۔ انہوں نے لکھا : ’’مسکراہٹوں سے لے کر خوابوں تک۔ ہماری منگنی پر ملنے والے پیار، دعاؤں اور نیک خواہشات کے لیے شکر گزار ہوں کیونکہ ہم ہمیشہ کے لیے ایک ساتھ رہنے کا فیصلہ کر رہے ہیں۔‘‘ شیکھر دھون کے چاہنے والوں نے انہیں مبارکباد دے رہے ہیں اور ساتھ ہی یہ بھی پوچھ رہے ہیں کہ شادی کب ہوگی؟۔شیکھر اور سوفی نے اپنے ہاتھوں کی ایک تصویر شیئر کی، جس میں بھارتی ٹیم کے سابق کرکٹر کی منگیتر کے ہاتھ میں ہیروں کی بڑی انگوٹھی نظر آ رہی ہے۔ تصویر میں ایک خوبصورت سجاوٹ بھی دیکھی جا سکتی ہے، جس میں لال گلاب اور موم بتیوں سے سجے ایک بڑے دل کا ڈیزائن شامل ہے۔
یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل میڈیا میں یہ خبر آ ئی تھی کہ جوڑا فروری 2026 میں شادی کرنے والا ہے۔ افواہوں کے مطابق فروری کے تیسرے ہفتے میں جوڑے کی شادی ہو سکتی ہے، جس کے لیے ایک شاندار شادی کی تقریب کی منصوبہ بندی ہو رہی ہے، جو ممکنہ طور پر دہلی این سی آر میں ہوگی۔ سوفی اپنی منگیتر کے ساتھ شیکھر دھون فاؤنڈیشن کے کام میں بھی شامل ہیں۔ شیکھر دھون کی پہلی شادی بھارتی نژاد آسٹریلیائی خاتون عائشہ مکھرجی سے سال 2012 میں ہوئی تھی اور ان کا طلاق 2023 میں ہوا۔ عائشہ کی ان کی پہلی شادی سے دو بیٹیاں تھیں۔ بعد میں شیکھر دھون سے ان کا ایک بیٹا زوراور ہوا، جو طلاق کے بعد اپنی والدہ کے ساتھ آسٹریلیا میں ہی رہتا ہے۔ عائشہ کک باکسنگ کی کھلاڑی تھیں۔