اشرف خان : سونے اور چاندی کی قیمتوں کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا۔
عالمی اور مقامی مارکیٹ میں آج بھی سونے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 7 ہزار 700 روپے کا بڑااضافہ ہوا ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 80 ہزار 962 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 6 ہزار 602 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد 10 گرام سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 12 ہزار 347 روپے ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ کاروباری ہفتے کے آخری روزبھی عالمی مارکیٹ میں سونا 37 ڈالر مہنگاہوکر 4509 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا تھاجبکہ مقامی صرافہ مارکیٹ میں ایک تولہ سونا 3700 روپے مہنگاہوکر 4 لاکھ 73 ہزار 262 روپے کا ہوگیاتھا۔
دس گرام سونا 3172 روپے مہنگاہوکر 4 لاکھ 5 ہزار 745 روپے اور ایک تولہ چاندی 270 روپے اضافے کے ساتھ 8465 روپے پر پہنچ گئی تھی۔
ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور معاشی غیر یقینی صورتحال اس اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔