ملک اشرف : عدالتی روسٹر کے مطابق پرنسپل سیٹ پر 9 ڈویژن بینچز اور 25 سنگل بینچز مقدمات کی سماعت کریں گے۔ انسدادِ دہشت گردی، قتل، ٹیکس، نیب، اور انٹرا کورٹ اپیلوں سمیت اہم نوعیت کے مقدمات کی سماعت کے لیے خصوصی بینچز تشکیل دے دیے گئے ہیں۔
ڈویژن بینچ نمبر 1 چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم اور جسٹس عہبر گل پر مشتمل ہوگا، جو تمام نوعیت کے مقدمات کی سماعت کریں گی۔ڈویژن بینچ نمبر 2 جسٹس عابد عزیز شیخ اور جسٹس محمد رضا قریشی پر مشتمل ہے، جو ٹیکس اور کمرشل نوعیت کے کیسز کی سماعت کرے گا۔ڈویژن بینچ نمبر 3 جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس تنویر احمد شیخ پر مشتمل ہوگا، جبکہ جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں یہ دو رکنی بینچ انسدادِ دہشت گردی سمیت دیگر فوجداری اپیلوں کی سماعت کرے گا۔
ڈویژن بینچ نمبر 4 جسٹس فیصل زمان خان اور جسٹس راحیل کامران شیخ پر مشتمل ہے۔ڈویژن بینچ نمبر 5 میں جسٹس مسعود عابد نقوی اور جسٹس عاصم حفیظ شامل ہیں۔ڈویژن بینچ نمبر 6 جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس محمد جواد ظفر پر مشتمل ہوگا، جو قتل کے مقدمات میں اپیلوں اور ضمانتوں سے متعلق کیسز کی سماعت کرے گا۔ڈویژن بینچ نمبر 7 جسٹس احمد ندیم ارشد اور جسٹس ملک وقار حیدر اعوان پر مشتمل ہوگا۔ڈویژن بینچ نمبر 8 جسٹس محمد امجد رفیق اور جسٹس علی ضیا باجوہ پر مشتمل ہے، جو نیب اپیلوں کی سماعت کرے گا۔
ڈویژن بینچ نمبر 9 جسٹس ملک جاوید اقبال وینس اور جسٹس خالد اسحاق پر مشتمل ہوگا، جو ٹیکس ریفرنسز کی سماعت کریں گے۔عدالتی شیڈول کے مطابق ڈویژن بینچز میں شامل تمام ججز سنگل بینچ کی حیثیت سے بھی مقدمات کی سماعت کریں گے۔ اس کے علاوہ جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس شاہد کریم اور جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی صرف سنگل بینچ کے طور پر کیسز سنیں گے۔ جبکہ جسٹس طارق سلیم شیخ، جسٹس عاصم حفیظ اور جسٹس عابد حسین چٹھہ بھی سنگل بینچ کی حیثیت سے مقدمات کی سماعت کریں گے۔ جسٹس حسن نواز مخدوم بھی صرف سنگل بینچ کے طور پر مقدمات کی سماعت کریں گے۔عدالتی کارروائی کی بحالی کے بعد اہم اور زیر التواء مقدمات کی سماعت سے سائلین کو ریلیف ملنے کی توقع کی جا رہی ہے۔