ویب ڈیسک: آزاد کشمیر میں انتخابات سے قبل سیاسی گہما گہمی تیز ہوگئی ہے، اور پاکستان تحریک انصاف کو ایک اور بڑا سیاسی جھٹکا لگا ہے۔
مظفرآباد ڈویژن کے حلقہ کوٹلہ سے پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما سردار تبارک علی نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی۔ اس موقع پر ہونے والی تقریب میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینیئر امیر مقام بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے اور سردار تبارک علی کو مسلم لیگ (ن) کا مفلر پہنا کر جماعت میں باقاعدہ شامل کیا۔
تقریب میں وفاقی وزیر سردار محمد یوسف، ایم این اے ملک ابرار، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، پارلیمانی لیڈر راجہ فاروق حیدر، مشتاق منہاس، طارق فاروق، بیرسٹر افتخار گیلانی، نورین عارف اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ کارکنوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
سردار محمد یوسف نے شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سردار تبارک علی کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبارک علی نے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا اور مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں واضح اکثریت حاصل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ ہے، اور نواز شریف کی قیادت میں ملک کو استحکام ملا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کی آزادی مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے اور آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کا نیا دور آئے گا۔
سردار محمد یوسف نے نوجوانوں کو آگے لانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی ٹکٹ میرٹ اور اعتماد کی بنیاد پر دیے جائیں گے۔ سردار محمد یوسف نے عوام سے اپیل کی کہ مسلم لیگ (ن) کو کامیاب بنائیں اور جماعت آئندہ انتخابات میں مضبوط اور متحد ہو کر حصہ لے گی۔