سٹی 42: صدر مملکت آصف علی زرداری نے اٹلی کے نامزد سفیر اوگو چیارلاتانی اور جمہوریہ کوریا کے نامزد سفیر ہان سنگ ہو سے سفارتی اسناد وصول کرلیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سفارتی اسناد وصول کرنے کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی، جہاں صدر آصف علی زرداری نے دونوں سفیروں کو پاکستان میں تعیناتی پر مبارکباد دی جبکہ صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں سفیروں کی مدت سفارت کے دوران پاکستان کے اٹلی اور جمہوریہ کوریا کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
آصف علی زرداری نے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی بات کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، ترقی اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں پاکستان اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جانی چاہیے۔