عابد چودھری: نشتر کالونی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک نجی سوسائٹی سے مبینہ منشیات فروش کو گرفتار کر لیا، جس کے قبضے سے 4 کلو چرس برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت مجیب الرحمن کے نام سے ہوئی ہے، جو بہاولپور کا رہائشی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم لاہور کی ایک نجی سوسائٹی میں مبینہ طور پر منشیات سپلائی کرنے آیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے مبینہ طور پر منشیات ایک اسکول بیگ میں چھپا رکھی تھی، تاہم کارروائی کے دوران اسے گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے 4 کلو چرس برآمد ہوئی، جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق مبینہ منشیات فروش نیٹ ورک کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔