طاہر جمیل:گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال پانچویں روز بھی جاری ہے، جبکہ حکام ٹرانسپورٹرز کو ہڑتال ختم کرنے پر قائل نہ کرسکے۔ حکومتی مذاکراتی ٹیم اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات بھی بے نتیجہ رہے اور ڈیڈ لاک برقرار ہے۔
حکومتی مذاکراتی ٹیم نے ٹرانسپورٹ ہاؤس میں گڈز ٹرانسپورٹرز کے مختلف نمائندگان سے ملاقات کی۔ ٹیم میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ عمران سکندر بلوچ، سیکرٹری پروونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی حسان احسن، سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن اور چیف ٹریفک آفیسر عبدالرحیم شیرازی شامل تھے۔
مذاکرات کے دوران ٹرانسپورٹرز نے اپنے مطالبات حکام کے سامنے رکھے اور مطالبات تسلیم ہونے تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
ٹرانسپورٹرز کا مطالبہ ہے کہ روزانہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا فیصلہ واپس لیا جائے، جبکہ ٹوکن، ٹول اور ٹرانسفر فیس میں 50 فیصد کمی کی جائے۔
ٹرانسپورٹرز نے منی مزدا گاڑیوں کو قانونی طور پر دو ایکسل گاڑیوں کا درجہ دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ مطالبات پر مؤثر پیش رفت تک ہڑتال ختم نہیں کی جائے گی۔ دوسری جانب حکام اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور آج متوقع ہے، جس میں ڈیڈ لاک ختم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔