ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پیرا فورس کا پولیس پر انحصار ختم کرنے کا فیصلہ،اپنے تربیت یافتہ اہلکاروں کو مرحلہ وار فیلڈ میں تعینات کرے گی

پیرا فورس کا پولیس پر انحصار ختم کرنے کا فیصلہ،اپنے تربیت یافتہ اہلکاروں کو مرحلہ وار فیلڈ میں تعینات کرے گی
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی رامے:پیرا فورس نے فیلڈ آپریشنز کے لیے پولیس اہلکاروں پر انحصار مرحلہ وار ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پیرا فورس اب اپنے تربیت یافتہ اہلکاروں کو مرحلہ وار فیلڈ میں تعینات کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیرا فورس کو پولیس اہلکاروں پر انحصار، فیلڈ لیول پر کرپشن اور اختیارات کے غلط استعمال جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ خصوصی قوانین کے مؤثر نفاذ میں گزشتہ 25 برس سے موجود خلا بھی فورس کے لیے ایک بڑا چیلنج قرار دیا گیا ہے۔

دستاویزات کے مطابق پیرا میں تعینات پولیس اہلکاروں کے خلاف متعدد شکایات موصول ہوچکی ہیں، جبکہ بعض اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائیاں بھی کی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 1,596 اہلکاروں کو وارننگ جبکہ 351 اہلکاروں کو واپس بھجوایا جاچکا ہے۔

ذرائع کے مطابق پیرا میں تعینات پولیس اہلکاروں کو مرحلہ وار فورس کے اپنے تربیت یافتہ اہلکاروں سے تبدیل کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے پیرا کی اپنی ٹریننگ اکیڈمی قائم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے، جہاں اہلکاروں کو خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی۔

پیرا میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹمز کے نفاذ کا عمل بھی تیز کیا جارہا ہے تاکہ فیلڈ آپریشنز کی نگرانی اور احتساب کے نظام کو مؤثر بنایا جاسکے۔

ذرائع کے مطابق پیرا کے آپریشنز کو اس کے قانونی مینڈیٹ تک محدود رکھنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنرز اور چیئرپرسنز کی کارکردگی کو پیرا کے آپریشنل KPIs سے منسلک کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔

فورس کی جانب سے پولیس پر انحصار کم کرکے اپنے تربیت یافتہ اہلکار فیلڈ میں لانے کا مقصد آپریشنل کارکردگی، نگرانی اور احتساب کے نظام کو مزید مؤثر بنانا قرار دیا جارہا ہے۔