ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پولیو مہم کا کل سے آغاز ، خاتونِ اوّل آصفہ بھٹو کی عوام سے بھرپور تعاون کی اپیل

پولیو مہم کا کل سے آغاز ، خاتونِ اوّل آصفہ بھٹو کی عوام سے بھرپور تعاون کی اپیل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: ملک بھر میں پولیو مہم شروع ہونے پر خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے عوام سے بھرپور تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یقینی بنائیں کہ ہر بچہ اس بیماری سے محفوظ رہے، اس مہم کا مقصد پانچ سال سے کم عمر کے 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو ملک کے تمام صوبوں اور علاقوں میں پولیو کے قطرے پلانا ہے، جو پولیو کے خاتمے کی قومی کوششوں کا حصہ ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وائرس کے خلاف جنگ میں ایک اہم مرحلے پر کھڑا ہے۔ برسوں کی مسلسل کوششوں کے بعد ملک پولیو کے خاتمے کے قریب پہنچ چکا ہے اور اب آنے والا مرحلہ انتہائی اہم ہے، جہاں ہر بچے تک پہنچنا ضروری ہے۔

 13 سے 19 اپریل تک فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز گھر گھر جا کر ویکسینیشن کریں گے، جس میں شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دور دراز علاقوں کا بھی احاطہ کیا جائے گا۔ پولیو کے قطرے پلانے کے ساتھ بچوں کو وٹامن اے بھی دیا جائے گا تاکہ ان کی قوتِ مدافعت اور صحت مند نشوونما میں مدد ملے۔

 خاتونِ اوّل نے پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 2025 میں ملک بھر میں پولیو کے 31 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ 2026 میں اب تک صرف ایک کیس سامنے آیا ہے۔

 تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ خطرہ اب بھی موجود ہے۔ جب تک یہ وائرس کہیں بھی موجود ہے، ہر جگہ کے لیے خطرہ بنا رہتا ہے۔ انہوں نے والدین اور سرپرستوں پر زور دیا کہ وہ ہر مہم میں اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں اور معمول کی ویکسینیشن بھی مکمل کروائیں۔

 یہ مہم افغانستان کے ساتھ مل کر چلائی جائے گی، جو سرحد پار وائرس کی منتقلی روکنے اور باقی رہ جانے والے خلا کو ختم کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاس ہے، بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے فرنٹ لائن ورکرز کی خدمات کو بھی سراہا، جن کی مسلسل محنت ہر گھر تک رسائی میں بنیادی کردار ادا کر رہی ہے۔

 انہوں نے اجتماعی عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ اب قریب ہے اور اس کا دارومدار والدین، خاندانوں، برادریوں اور اداروں سب کی مشترکہ کوششوں پر منحصر ہے، انہوں نے واضح کیا کہ کوئی بچہ بھی اس مہم سے محروم نہیں رہنا چاہئے۔