(ویب ڈیسک) فلسطین کے حق میں اور غزہ و لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف یورپ کے مختلف شہروں میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، برلن اور میلان میں ہزاروں افراد نے سڑکوں پر نکل کراسرائیل کی کارروائیوں کے خلاف احتجاج اور فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر ریلیاں نکالیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپ میں فلسطین کے حق میں ہونے والے مظاہروں کے سلسلہ جاری ہے اور ہفتے کے روز جرمنی کے شہر برلن اور اٹلی کے شہر میلان میں بھی بڑے پیمانے پر احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ ان مظاہروں میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی جو فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی اور غزہ و لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف آواز بلند کر رہے تھے۔
جرمنی کے شہر برلن میں مظاہرین نے شہر کی مختلف سڑکوں پر مارچ کیا، ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر جنگ بندی اور فلسطینیوں کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے اسرائیلی کارروائیوں کو روکنے اور عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر رکھے تھے۔
اٹلی کے شہر میلان میں بھی بڑی تعداد میں افراد سڑکوں پر نکلے اور فلسطین کے حق میں نعرے لگائے۔ مظاہرین نے غزہ اور لبنان میں جاری کشیدگی اور انسانی بحران پر تشویش کا اظہار کیا اور عالمی طاقتوں سے جنگ بندی کیلئے دباؤ بڑھانے کا مطالبہ کیا۔ اس احتجاج میں مختلف سماجی اور انسانی حقوق کے کارکنان بھی شریک ہوئے۔