ویب ڈیسک : ترکی نے آئی فون 14 کی قیمت کے حوالے سے برازیل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا اور دنیا میں پہلے نمبر پر آگیا جہاں ایپل کی جانب سے متعارف کیے گئے نئے فون آئی فون 14 کی قیمت سب سے زیادہ ہے۔
ایپل ویب سائیٹ کے ذریعے دنیا بھر میں آئی فون کی قیمتیں معلوم کرنے والا ادارہ "نکینی رینکنگ" دنیا بھر میں کرنسی ریٹ اور مختلف ممالک کے ٹیکس کی بنیاد پر فون کی قیمتوں کی رینکنگ جاری کرتا ہے۔
نکینی رینکنگ کی جانب سے نئے فون کی ڈیٹا پر مشتمل نئی رینکنگ جاری کی گئی ہے جس میں آئی فون 14 کی قیمت کے اعتبار سے ترکی مہنگی ترین قیمت کے ساتھ سرفہرست ہے۔ ترکی میں آئی فون 14 کی قیمت 2 ہزار 193 اعشاریہ 15 ڈالرز ہے جبکہ برازیل میں 1 ہزار 823 اعشاریہ 19 ڈالر ہے۔
دنیا بھر میں آئی فون 14 کو سستی قیمتوں میں خریدنے کیلئے امریکا اور جاپان سرفہرست ہیں جہاں آپ (مقامی ٹیکسز کے علاوہ) آئی فون 14 کو 999 ڈالرز اور 1 ہزار 39 اعشاریہ 46 ڈالرز میں خرید سکتے ہیں۔بھارت ،ہنگری اور پولینڈ بھی ان ممالک کی فہرست میں شامل ہیں جہاں ایپل کے پراڈکٹس کی قیمتیں مہنگی ہیں۔
ترکی کو درپیش معاشی مسائل کے باعث 2021 میں وہاں مہنگائی کی شرح 80 فیصد تک پہنچ چکی تھی، جس کے بعد ایپل کی جانب سے ترکی میں اپنے پراڈکٹس کی فروخت بند کردی گئی تھی کیوں کہ وہاں کی کرنسی کی قدر چند گھنٹوں میں ڈالر کے مقابلے میں 15 فیصد تک کم ہو گئی تھی۔